اردو | Urdu

The Orange Door عائلی تشدّد کے لیے مدد اور سہارے کے ساتھ ساتھ ان گھرانوں کی مدد بھی کرتا ہے جنہیں بچوں کی فلاح اور نشوونما کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہو۔. Information about The Orange Door in Urdu.

اردو میں معلومات

The Orange Door عائلی تشدّد کے لیے مدد اور سہارے کے ساتھ ساتھ ان گھرانوں کی مدد بھی کرتا ہے جنہیں بچوں کی فلاح اور نشوونما کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہو۔

کبھی کبھار گھر میں یا کسی رشتے میں معاملات ٹھیک نہیں ہوتے اور آپ کو کچھ مدد اور سہارے کی ضرورت ہوتی ہے۔ The Orange Door آپ کی بات سننے اور آپ کو درکار مدد کا جلد اور بآسانی انتظام کرنے کے لیے حاضر ہے۔

اگر آپ کو فوری خطرہ ہو تو ٹریپل زیرو (000) پر کال کریں۔

The Orange Door ان صورتوں میں مدد کر سکتا ہے:

  • آپ کو بچوں کی پرورش کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہو یا آپ کو کسی بچے یا نوعمر شخص کی فلاح یا نشوونما کے متعلق فکر ہو۔
  • آپ اپنے کسی قریبی شخص جیسے اپنے پارٹنر، سابقہ پارٹنر، رشتہ دار یا سنبھالنے والے سے خوف محسوس کرتے ہوں یا اس کی وجہ سے خود کو غیرمحفوظ سمجھتے ہوں۔
  • آپ بچے یا نوعمر شخص ہوں جو غیرمحفوظ محسوس کرتا ہے یا جسے دیکھ بھال کی کمی کا سامنا ہو۔
  • یہ اندیشہ ہو کہ آپ بدسلوکی یا کنٹرول کرنے والا طرزعمل استعمال کریں گے یا آپ کو گھر میں یا کسی رشتے میں ایسے طرزعمل کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہو۔
  • آپ اپنے کسی واقف کی حفاظت کے سلسلے میں فکرمند ہوں۔
  • آپ کو عائلی تشدّد کا سامنا ہوا ہو جس میں کنٹرول کرنے والا طرزعمل بھی شامل ہے جیسے کوئی نگرانی کرتا ہو کہ آپ کہاں جاتے ہیں، کس سے ملتے ہیں یا پیسے کس طرح خرچ کرتے ہیں۔

The Orange Door ان طریقوں سے مدد کر سکتا ہے:

  • آپ کی بات سننا اور آپ کی فکر کو سمجھنا۔
  • آپ کے ساتھ کام کرتے ہوئے وہ مدد اور سہارا شناخت کرنا جس کی آپ کو ضرورت ہو۔
  • بچوں اور نوعمر افراد کی فلاح اور نشوونما کے سلسلے میں آپ کو سہارا دینا۔
  • آپ کو اور آپ کے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی منصوبہ بنانے میں مدد دینا۔
  • آپ کو امدادی خدمات سے منسلک کرنا جو کاؤنسلنگ (ماہرانہ مشورہ)، رہائش، عائلی تشدّد کے لیے سہارا، ذہنی صحت، منشّیات اور شراب کی خدمات، بچوں کی پرورش کے لیے امدادی گروپس، بچوں کے لیے خدمات، مالی مدد یا قانونی مدد جیسی معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔
  • بنیادی اخراجات زندگی اور دوسرے اخراجات کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے میں آپ کی مدد کرنا۔
  • اگر آپ گھر میں یا کسی رشتے میں بدسلوکی یا کنٹرول کرنے والا طرزعمل استعمال کر رہے ہیں تو خود کو بدلنے میں مدد دینے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنا۔

میں The Orange Door سے کیسے رابطہ کر سکتا/سکتی ہوں؟

The Orange Door پیر تا جمعہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلتا ہے (عوامی تعطیلات میں بند)۔

اپنی مقامی سروس تلاش کرنے کے لیے لوکیشن یا پوسٹ کوڈ ڈال کر سرچ کریں۔

اگر آپ کمیونیکیشن کے لیے امدادی آلات استعمال کرتے ہیں یا آپ کو انٹرپریٹر (زبانی مترجم) یا Auslan انٹرپریٹر کی ضرورت ہے تو The Orange Door آپ کے ساتھ کام کر سکتا ہے۔

مجھے انٹرپریٹر (زبانی مترجم) کی ضرورت ہے

اگر آپ کو انٹرپریٹر کی ضرورت ہے تو سروس کو بتا دیں۔ سروس کو یہ بتائیں:

  • اپنا فون نمبر
  • اپنی زبان
  • کس وقت آپ کو کال کرنا محفوظ ہو گا۔

اس وقت پر انٹرپریٹر آپ کو فون کرے گا۔

کیا The Orange Door ایسی سروس ہے جو میرے لیے بنائی گئی ہے؟

The Orange Door سروس ہر عمر، صنف، جنسی رجحان، تہذیب اور صلاحیت کے لوگوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔ تمام تہذیبی اور مذہبی ترجیحات کا احترام کیا جاتا ہے۔ اگر آپ مرد یا خاتون ورکر کے ساتھ کام کرنا بہتر سمجھتے ہوں تو ورکر کو بتائیں۔ The Orange Door ملٹی کلچرل سروسز، LGBTI سروسز اور معذوروں کے لیے خدمات کے ساتھ کام کرتے ہوئے افراد اور گھرانوں کی متنوّع ضروریات پوری کرتی ہے۔ عملہ آپ کو مختلف مواقع کے متعلق معلومات دے گا اور آپ کی ضرورت کے مطابق خدمات سے آپ کو منسلک کرے گا۔

اگر آپ تارک وطن یا پناہ گزین ہیں یا آپ مستقل رہائشی نہیں ہیں تو بھی ہم آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ اپنے ویزے کی صورتحال کی وجہ سے مدد مانگنے سے نہ ڈریں۔ یہ مفت سروس ہے۔ The Orange Door کے ورکر کو بتائیں کہ آپ فون پر یا ملاقات کی صورت میں اپنی صورتحال پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

جب The Orange Door سروس کھلی نہ ہو تو مجھے کہاں جانا چاہیے؟

ہماری سروس بند ہونے کے اوقات میں مندرجہ ذیل خدمات سے رابطہ کریں:

  • 0491 766 1300 پر Men’s Referral Service (پیر تا جمعہ، صبح 8 بجے سے رات 9 بجے اور ہفتہ و اتوار کو اور عوامی تعطیلات میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے) (مردوں کے لیے عائلی تشدّد کے متعلق فون کاؤنسلنگ، معلومات اور ریفرل سروس)
  • Safe Steps عائلی تشدّد سے متاثر افراد کے لیے امدادی سروس ہے، فون 188 015 1800 (24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن) آپ Safe Steps کو ای میل بھی کر سکتے ہیں یا ان کی لائیو ویب چیٹ امدادی سروس بھی استعمال کر سکتے ہیں
  • جرائم سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فون لائن (تمام جرائم سے متاثرہ افراد اور عائلی تشدّد کا نشانہ بننے والے بالغ مردوں کے لیے) 817 819 1800 یا 891 767 0427 پر ٹیکسٹ کریں (روزانہ صبح 8 بجے سے رات 11 بجے)
  • Sexual Assault Crisis Line جنسی حملے سے متاثرہ افراد کے لیے ہے 292 806 1800 (24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن)

اگر آپ یا کسی اور شخص کے لیے فوری خطرہ ہو تو ہنگامی مدد کے لیے ٹریپل زیرو (000) پر کال کریں۔

آراء اور پرائیویسی

آپ The Orange Door کے ساتھ اپنے تجربے کے متعلق رائے دینے کے لیے آن لائن فیڈبیک فارم استعمال کر سکتے ہیں جو orangedoor.vic.gov.au/feedback پر ہے یا 820 312 1800 پر کال کر کے اپنے ورکر، سپروائزر یا مینیجر سے بات کرنے کے لیے پوچھیں۔

ہم آپ کی پرائیویسی کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ جاننے کے لیے کہ ہم آپ کے متعلق معلومات کو کیسے استعمال کریں گے، براہ مہربانی ہماری پرائیویسی پالیسی دیکھیں۔

Updated